شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری

۔23 اور 24  دسمبرکو ہلکی برفباری متوقع

 
سرینگر //جموں و کشمیر اور لداخ میں زیادہ تر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پہلگام سب سے سرد مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2  ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ کئی علاقوں میں چلہ کلاں کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں بہتری دیکھنے کو ملی ،تاہم دن کے اوقات میں سردی  میں اضافہ ہوا۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ 23 اور 24 دسمبر کو بھاری برف باری ہونے کاکوئی امکان نہیں ہے تاہم 27او ر28دسمبر کوبالائی مقامات پراچھی اورمیدانی علاقوںمیں ہلکی برف باری ہوگی ۔ سونم لوٹس نے ساتھ کہاکہ اگلے ایک ہفتے تک جموں وکشمیرمیں بادل چھائے رہیں گے اوردن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی ۔تاہم انہوںنے کہاکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال ماہ دسمبرمیں سردی کی شدت قدرے کم ریکارڈکی گئی ۔سونم لوٹس کاکہناتھاکہ مغربی ہوائوں کے زیر اثر، 23 سے24دسمبر دوپہر کے درمیان جموں وکشمیرمیں کچھ ایک مقامات پر ہلکی بارش اوربرفباری ہوسکتی ہے۔انہوںنے تاہم کہا کہ بڑے پیمانے پر برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک بار پھرمغربی ہوائیں26دسمبر کی شام سے جموں و کشمیر کو متاثر کریں گی ،جن کی وجہ سے کشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں27و28دسمبرکے دوران زیادہ تر مقامات پربالترتیب اچھی اوردرمیانہ درجے کی برف باری ہو سکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پہلگام اور قاضی گنڈ کو چھوڑ کر بدھ کو بادل چھائے رہنے کے درمیان جموں و کشمیر اور لداخ میں کم از کم درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سرینگر میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی1.8 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب منفی2.8 ڈگری تھا۔سرینگر میں 18دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی تھی جب درجہ حرارت منفی6.0ڈگری تک گر گیا تھا ۔ادھرقاضی گنڈ میںمنگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی 3.0ڈگری درج کیاگیاجبکہ گزشتہ رات یہاں منفی2.6ڈگری ریکارڈکیاگیاتھا۔ گلمرگ میںمنگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی4.0ڈگری جبکہ گزشتہ رات یہاںمنفی5.0تھا۔ پہلگام میںمنگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی5.2ڈگری درج کیاگیاجبکہ گزشتہ رات یہاں منفی3.7تھا۔ کوکرناگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی1.9ڈگری درج کیاگیاجبکہ گزشتہ رات یہاں منفی3.3تھا۔ کپوارہ میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات منفی2.9 درج کیاگیاجبکہ گزشتہ رات یہاںمنفی3.8تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ،وسطی اورجنوبی کشمیر کے باقی اضلاع میں بھی مطلع ابروآلودرہنے کے باعث منگل اوربدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت میں کافی بہتری پائی گئی ۔