سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر و حریت (ع) چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے حضرت شاہ ہمدانؒ کی گرانقدر دینی ، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اپنے ایک خصوصی پیغام میں حضرت شاہ ہمدانؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ومحبت پیش کیا ہے۔ میرواعظ نے حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت ، معرفت ، صداقت،امانت،د یانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں عظیم محسن اور مشفق ومربی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی ایمانی قوت اور اعلیٰ روحانیت کا کرشمہ اور اعجاز تھا کہ انکے صرف تین تبلیغی دوروں کے نتیجے میں پوری وادی کشمیر میں ہمیشہ کیلئے ایمان ،اسلام اور اخلاق کی بہاریںآگئیں اور کشمیر کی تاریخ ہی نہیں بلکہ تقدیر بھی ہمیشہ کیلئے بدل کر رہ گئی اور تاریخ تو بدلی جاتی ہے لیکن تقدیر نہیں بدلی جاسکتی۔میرواعظ نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی عظیم شخصیت کی بدولت نہ صرف اہل کشمیر کو اسلام کی بے بہا دولت ملی بلکہ ان کے طفیل یہاں صنعت و حرفت، فنکاری اور دستکاری کے بے شمار دروازے کھل گئے اور معاشی میدان میں بھی ایک خوشگوار انقلاب برپا ہو گیا اور اہل کشمیر ان صنعتوں کی بدولت عالمی سطح پر آگے بڑھنے لگے اور یہ چیزیں انکے لئے طرئہ امتیاز بن گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کا عرس منانے کا حق ہم سب تبھی ادا کرسکتے ہیں جب حضرت کے دکھلائے ہوئے راہ حق اور قرآن و حدیث کی رہنمائی کو ہم سب اپنی زندگیوں کیلئے مشعل راہ بنائیں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کا عزم اور عہد کریں۔