سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں ریاستی انتظامی کونسل اجلاس میں شاہ پور کنڈی ڈیم پروجیکٹ معاہدے کو منظوری دی گئی۔ اس معاہدے پر8 ستمبر2018 کو سرینگر میں ریاستی اور پنجاب حکومتوں نے دستخط کئے تھے۔نئے معاہدے کی بنیاد پر شاہ پور کنڈی بیراج کی تکمیل کے بعد جموں وکشمیر کو دریائے راوی سے1150 کیوسک پانی فراہم کیا جائے گا جس سے سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے کسان مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریاست کو شاہ پور کنڈی ڈیم اور تھین ڈیم پروجیکٹوں سے پیدا ہونے والی بجلی کا20 فیصد حصہ ملے گا۔اس پروجیکٹ کو ایک قومی پروجیکٹ قرار دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت اس پروجیکٹ کو جموں وکشمیر کی مالی معاونت کے بغیر عملائے گی۔اس پروجیکٹ کے دیگر فوائد میںدونوں اطراف کرسٹ کی اونچائی مساوی یعنی398.40 میٹر ہوگی۔سینٹرل واٹر اینڈ پاور ریسرچ سٹیشن کرسٹ سطح کا تفصیلی مطالعہ کرے گا تا کہ ریاست جموں وکشمیر کو 1150 کیوسک پانی حاصل ہو جس پر کاربند رہنا دونوں ریاستوں کے لئے لازمی ہے۔پروجیکٹ کی نگرانی سی ڈبلیو سی کے ممبر کی سربراہی والی ایک کمیٹی کرے گی جس میں دونوں ریاستوں کے چیف انجینئر ممبر کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔معاہدے کے مطابق تھین ڈیم کی تعمیر کے لئے حاصل کی جانے والی زمین کا معاوضہ لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے قواعد و ضوابط کے تحت پنجاب حکومت ادا کرے گی ۔متاثرہ افراد کو حکومت پنجاب آر اینڈ آر پالیسی کے معاہدے کے مطابق نوکری فراہم کرے گی۔روزگار باقی ماندہ861 کنبوں کو فراہم کیا جائے گا۔حکومت پنجاب شاہ پور کنڈی ڈیم کی تعمیر کے ساتھ2.3 کلو میٹر راوی کنال اور کشمیر کنال کے لئے سائفن کی تعمیر کاعہد پورا کرے گی۔اس طرح پنجاب کی حکومت 2.3 کلو میٹر راوی کنال اور کشمیر کنال کے سائفن کی تعمیر کا مکمل خرچہ برداشت کرے گی۔1979 کے معاہدے کی عمل آوری میں تاخیر سے متعلق جموں وکشمیر اور پنجاب حکومتوں کے درمیان تمام اعتراضات اور جوابی اعتراضات کو مذکورہ معاہدے کی شِق16 کے مطابق ثالثی کے تحت حل کیا جائے گا۔جموں وکشمیر حکومت کو سی ای آر سی شرحوں پر شاہ پور کنڈی ڈیم سے ملنے والی بجلی حاصل کرنے کے تعلق سے انکار کرنے کا پہلا حق حاصل ہوگا۔یہ حق ریاستی حکومت ہر سال کی شروعات میں استعمال کرسکتی ہے۔پنجاب اور جموں وکشمیر ریاستوں کے پانی کی سپلائی کا معاملہ ایک مشترکہ سٹیرینگ اینڈ سُپر ویژن کمیٹی کے سُپرد ہوگا۔ یہ کمیٹی میں سی ڈبلیو سی اور پنجاب و جموں وکشمیر کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔
شاہ پور کنڈی پروجیکٹ معاہدے کو منظوری
