شاہ محلہ چھتہ بل میں اوڑی کے شہری کی پُراسرارموت | قانونی لوازمات مکمل کرکے میت وارثین کے سپرد

سرینگر//شاہ محلہ چھتہ بل میں اوڑی بارہمولہ کا 35 سالہ شہری پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔شاہ محلہ چھتہ بل میں عبدالعزیز بٹ ولد غلام رسول کے مکان میں پچھلے دو ماہ سے منظور احمد میر ولد عبدالمجید ساکنہ اوڑی بارہمولہ کرایہ دار کی حیثیت سے رہائش پذیر تھا،ایتوار کی صبح پراسرار حالت میں مردہ پایاگیا۔اس موقعہ پر پولیس کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازمات مکمل کرنے کے لئے ہسپتال منتقل کردی۔پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محلہ چھتہ بل میں ضلع بارہمولہ کے اوڑی کاشہری منظور احمد میر پچھلے دو ماہ سے کرایہ دار کے طور پررہائش پذیر تھا ،کمرے میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا جو  کرن نگر علاقہ میں چائے کی دوکان چلاتا تھا۔قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش وارثین کے سپرد کردی گئی اور ابتدائی طور پر 174 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ۔