شاہین کا بانہال سی ڈی ایف فنڈ کی تحقیقات کا مطالبہ

بانہال//نیشنل کانفرنس لیڈر اور ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے بانہال کے رکن قانون ساز اسمبلی کو مختص کئے گئے کانسٹیچیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت فنڈز کے مبینہ کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کاا لزام عائد کیا ہے۔پریس کے نام جاری ایک بیان میں سجاد شاہین نے کہا کہ لوگوں کو شکایت ہے کہ بانہال حلقے کے کاموں کیلئے مختلف محکموں کی طرف سے فنڈز نکالے گئے ہیں لیکن زمین پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔  بانہال میںروز بہ روز بڑھتی ہوئی بد عنوانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شاہین نے  سٹیٹ وجیلنس،کرائم برانچ،احتساب کمیشن سے بانہال حلقے میں سی ڈی ایف فنڈ سمیت مختلف منصوبوں کے عمل میں بڑے پیمانے پر بے ترتیبی کی رپورٹوں میں کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مافیا بانہال حلقے میں کام کر رہی ہے جسے مقامی رکن اسمبلی کی حمایت حاصل ہے جو انہیں تمام محکموں جن میں آر اینڈ بی ،آر آر ڈی ،ایریگیشن،اینڈ فلڈ کنٹرول،سویل کنزرویشن، محکمہ ایگریکلچر کے تحت واٹر شیڈ پروجیکٹس وغیرہ کا ترقیاتی کام دلواتی ہے اور کچھ افسران کی ملی بھگت سے رقومات نکالتے ہیں جن کی جانچ کروانا ضروری ہے ۔اس موقع پر بلاک صدور ریاض احمد میر، نثار احمد سوہل،تحصیل انچارج عبدالقیوم وانی ،بشیر احمد نائیک،غلام رسول درابو،سرپنچ ماہیداس،بلاک سیکررٹری یوتھ بلاک صدر جگجیت سنگھ،نجیب رونیال نے بھی خطاب کیا۔