شاہپور کی 2پنچایتوں کی 14وارڈیں سڑک سے محروم

پونچھ//ضلع صدر مقام پونچھ سے محض دس کلو میٹر دورحلقہ پنچایت شاہپور لوہر اور اپر کی 14 وارڈوں کی آبادی کو سڑک جیسی بنیادی سہولت دستیاب نہیں ہے جسکی وجہ سے مقامی آبادی انتظامیہ سے نالاں اور سراپا احتجاج ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گائوں دیہات میں تعمیر وترقی اور بنیادی ضروریات بہم پہچانے کے بلند و بانگ دعوے حلقہ پنچایت شاہپور لوہراور اپر میں سراب ثابت ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔شاہپور لور کی وارڈ نمبر5میں رہنے والے بزرگ شخص محمد عباس خان نے بتایا کہ بنیادی سہولیات سے محروم علاقہ شاہپور کے باشندے انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکیسوی صدی میں بھی سڑک جیسی بینادی سہولت نہ ہونے کے باعث لوگوں کو خاص کر بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک جیسی بنیادی سہولت کے علاوہ آنگن واڑی اور طبی شعبے کی بھی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جسکی وجہ سے مقامی آبادی انتظامیہ سے نالاں اور سراپا احتجاج ہے۔انہوںنے بتایا کہ رابطہ سڑک نہ ہونے سے یہ علاقہ برفباری کے ایام میں بیرون دنیا سے پوری طرح کٹ کے رہ جاتا ہے۔ جبکہ بچوں کو تعلیم وتربیت کیلئے روزانہ کئی کئی کلومیٹر دور پیدل چل کر تعلیمی مراکز جانا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی گزارنے اور گھر گرہستی چلانے کے لیے مقامی آبادی کو آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی گھوڑوں پر سامان لاد کر گھر پہنچانا پڑتا ہے، جبکہ بیماروں خاص کر درد زہ میں مبتلا خواتین کو چارپائی یا کھندوں پر اٹھا کر اسپتال لے جانا پڑتا ہے جو کہ بسا اوقات خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ ’’سرکار نے اس علاقے کو بالکل نظر انداز کیا ہے، گاوں میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے وسیع آبادی پریشان ہے ۔انہوں نے کہا کہانتظامیہ کے اعلیٰ افسران صرف دورہ کرتے ہیں جبکہ ہمیں خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔مقامی باشندوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے علاقے کی جانب توجہ دینے اور رہائشیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔