مشتاق الاسلام
پلوامہ//شاہورہ تملہ ہال پلوامہ میں مبینہ طور پر مچھلیوں کے فارم میں زہریلا پانی پلانے سے لاکھوں روپے مالیت کی10 ہزار مچھلیاں ہلاک ہوگئیں ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ تملہ حال پلوامہ کے مقامی باشندے گوہر احمد میر نے ہفتے کو بتایا کہ ان کے علاقے کی ایک تعلیم یافتہ لڑکی سمیرہ جبار نے اپنے اہل و عیال کی کفالت کیلئے ایک مچھلی فارم قائم کیا، تاکہ وہ اپنے اہل وعیال کی کفالت کرسکے۔گوہر کا کہنا تھا کہ سمیرہ کی اور پانچ بہنیں ہیں، جبکہ ان کا کوئی بھائی نہیں جو اہل و عیال کی کفالت کیلئے کام کرتا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کنبے نے مچھلی فارم سے متعلق طرح طرح کے خواب سجائے تھے، لیکن ان کے تمام خواب اس وقت چکناچور ہوگئے، جب ہفتے کی صبح کو اس مچھلی فارم میں مچھلیوں کو پانی میں تیرنے کے بجائے مردہ پایا۔گوہر کا کہنا تھا کہ مچھلی فارم میں مبینہ طور زہر ڈال دیا گیاہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب کسی طرح پانی میں کوئی زہریلی شے ملا دی گئی ہے،جس سے ان کے مچھلی فارم میں ہزاروں مچھلیاں مر گئیں۔مچھلی فارم میں زہرملاکر 10 ہزارکے قریب مچھلیوں کے مرنے سے پورے علاقے کے لوگوں میں تشویش دوڑ گئی ۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تملہ حال شاہورہ میں آئے اس دلدوز واقعے میں لاکھوں روپے مالیت کی مچھلیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔ادھر مقامی لوگوں نے علاقے میں پیش آئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرکے ضلع انتظامیہ سے متاثرہ کنبے کے حق میں مالی معاونت کی اپیل کی ہے۔پلوامہ پولیس نے اس واقعے کو لیکر کیس درج کرلیاہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی علاقے میں ایسا دو واقعات رونما ہوئے ہیں۔