شاہراہ 4 گھنٹوں تک بند

بانہال//رام بن کے نزدیک کیفٹیریا موڑ پر اتوار کی علی الصبح ہوئی بارشوں کے نتیجے میں سڑک پر ملبہ اور پتھراور پسیاں گر آئیں جس کی وجہ سے شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند رہی۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح قریب پانچ بجے کیفٹیریا موڑ پر پسیاں گر آئیں اور گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم چار گھنٹوں تک بند رہی۔بعد میں رام بن بانہال سیکٹر میں بھی کئی مقامات پر پتھر اور ملبہ گر آیا۔تعمیراتی کمپنی  اور بیکن نے پسیاں ہٹانے کا کام شروع کیا اور 4گھنٹے تک یہ کارروائی عمل میں لائی۔اسکے بعد صبح ساڑھے 9بجے شاہراہ دوبارہ بحال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران رام بن بانہال سیکٹر میں بھی کئی مقامات پر پتھر اور ملبہ گر آیا تھا اسے بھی صاف کیا گیا۔ اتوار کو شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ آج پیر کے روز بھی شاہراہ پر دو طرفہ مسافر ٹریفک چلے گا۔