شاہراہ کی ناگفتہ بہہ حالت | جنگی بنیادوں پر مکمل کی جائے

سرینگر// نیشنل کانفرنس رکن پارلیمان جسٹس(ر)  حسنین مسعودی نے سرینگر جموں شاہراہ آئے روز بند رہنے اور مسلسل حادثات پیش آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ کشمیر کو پورے ملک کیساتھ جوڑنے والی اس شاہراہ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ لوک سبھا میں حسنین مسعودی نے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ ایک موت کی شاہراہ بن کر رہ گئی ہے۔ بانہال سے رام بن تک کا حصہ سب سے زیادہ متاثر ہے اور سرینگر سے جموں تک نئی شاہراہ بنانے کا مقصد تب تک پورا نہیں ہوگا جب تک نہ اس حصے پر ایک ٹنل تعمیر کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سرینگر جموں شاہراہ کے مسلسل اور آئے روز بند رہنے سے نہ صرف وادی کے تاجروں کو کروڑوں اور اربوں کا نقصان ہورہا ہے بلکہ عام لوگوں کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔