شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند، مغل شاہراہ اور سنتھن روڑ بدستور مسدود رام بن میںگاڑی پر پتھر گرا ،مسافر بچ نکلے ، پلوامہ میں مکان تباہ

محمد تسکین+عشرت حسین بٹ

بانہال+پونچھ+سرینگر //جموں سرینگر شاہراہ پر واقع مہاڑ کی پسی کو پار کرنے کے دوران ایک مسافر بردار آٹو اوپر پہاڑی سے گر آئے ایک بھاری پتھر کی زد میں آیا تاہم اس واقع میں مسافر معجزاتی طور بچ نکلے ۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ایک بڑا پتھر آٹو پر گرا ، لیکن خوش قسمتی سے آٹو ڈرائیور سمیت تمام مسافر بچ نکلے ۔ ادھر ڈھلواس کے مقام پرشاہراہ کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی۔تین روز سے بارشوں کے جاری سلسلے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ کے کئی مقامات پسیوں اور پتھروں کی زد میں آئے اور جمعرات کے روز ایک بار پھر شاہراہ بٹوٹ کے ڈھلواس علاقے میں پسیوں کیوجہ سے کئی گھنٹوں تک بند رہی ۔

 

 

 

شاہراہ پر جمعرات کی صبح پہلے معمول کے مسافر ٹریفک کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی تاہم بعد میں شاہراہ کے بند ہونے اطلاع دی گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن افتخار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے ڈھلواس کے مقام پرملبے پر مشتمل پسی کی وجہ سے بند ہوئی شاہراہ کوبعد دوپہر قریب دو بجے دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور دونوں طرف درماندہ ٹریفک کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی ۔ادھر پیر پنچال کو وادی سے ملانے والی تاریخی مغل شہراہ جمعرات کو بدستور تیسرے روز بند رہی۔ حکام کے مطابق سڑک پر پڑی بھاری پسی کو موسم صاف رہنے کی بنا پر تین سے چار دن لگ سکتے ہیں ۔ مغل شہراہ پر دو روز قبل رتہ چھمب کے مقام پر بھاری پسیاں اور بڑے پتھر گرنے کی وجہ سے سڑک بند ہوئی ہے۔ اور نامساید موسمی صورت حال کی وجہ سے حکام کو شہراہ سے پسیاں ہٹانے میں کافی دشواریاں کرنی پڑ رہی ہیں اس حوالے سے اگزکٹیو انجینیر مغل روڈ ڈیژن کے ایگزیکٹیو انجینئرشوکت احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع نہیں کیا جا سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبہ اتنا زیادہ ہے کہ اسے صاف کرنے میں پانچ سے آٹھ دن بھی لگ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملبے کی اونچائی ایک سو میٹرسے بھی زیادہ جبکہ چوڑائی بیس میٹر ہوگی۔ادھر سنتھن ٹاپ کشتواڑ شاہراہ بھی بدستور بند ہے۔دریں اثناء پلوامہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک مکان تباہ ہوا۔یہ واقعہ چندگام ٹہاب میں آج صبح نزدیکی پہاڑی سے مٹی کا بھاری تودا گرنے سے غلام نبی ملک کا رہائشی مکان زد میں آ گیا۔اس سے مکان تباہ ہوا تاہم اہل خانہ بال بال بچ گئے۔تحصیلدار پلوامہ محمد اقبال نے بتایا کہ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ریڈ کراس کی جانب سے متاثرہ خاندان کو فوری امداد فراہم کی۔