شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک جاری

 سرینگر // سرینگر جموں شاہراہ سوموار کوگرتے پتھروں کے بیچ یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال رہی ۔اس دوران ٹریفک کو جموں سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ۔ادھر وادی اور لداخ میںراتیں مزید سرد ہورہی ہیں اور دراس کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 31.4ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔ جموں سے سرینگر کیلئے سوموار کو اگرچہ ٹریفک 7روز بعد بحال ہوا تھا تاہم ، شیر بی بی ، شیطانی نالہ اور جواہر ٹنل کے علاقوں میں پسیاں اور پتھروں کے گرنے کا عمل ٹریفک جام کا موجب بنا ۔حکام کے مطابق منگل کے روز موسم خوشگوار ہونے اور پسیاں اور پتھر نہ گرنے کی صورت میں گاڑیوں کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت ہو گی او رکسی بھی گاڑی کو مخالف سمت سے چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر چلہ کلان کی 40روزہ مدت اگرچہ31جنوری کو ختم ہورہی ہے ،تاہم آخری ایام میں وادی اور لداخ خطہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔لداخ کے قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت 31.4ڈگری سیلشیس درج کیا گیا ،جو کہ رواں سرما  میں اب تک کا کم درجہ حرارت درج کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4ڈگری سیلشیس جبکہ گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی12.6اور منفی13.6ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30جنوری تک موسم خشک رہنے کے بیچ کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آئے گی۔