شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک ،جام سے مسافروں کوراحت نصیب جموں کی طرف پہلے مسافر اور بعد میں مال برادر گاڑیوں نے سفر کیا

محمد تسکین

بانہال// بْدھ کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت تھی اور مال اور مسافر گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی۔ناشری اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ کی خراب حالت کے پیش نظر چند روز پہلے شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو ہی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سے اکا دکا ٹریفک جام کو چھوڑ کر مجموعی طور پر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت دو طرفہ ٹریفک کے مقابلے میں یکطرفہ طور ہی بہت بہتر رہی۔ناشری اور نویگہ ٹنل بانہال کے درمیان شاہراہ کے ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، کانگرو ، شیر بی بی ناچلانہ اور شالگڑی کے علاقوں میں سڑک کی سطح خراب ہے اور ان مقامات پر شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور ان ہی معاملات کو مدنظر رکھ کر شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کو ہی چلانے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کی بحالی سے عام مسافروں اور عام لوگوں کو راحت ملی ہے۔ بدھ کے روز بانہال اور نویگہ ٹنل کے درمیان اور ڈھلواس کے علاقے میں وقفے وقفے کا ٹریفک جام رہا اور ٹریفک کی آمدورفت سست رفتار سے اگے بڑھتی رہی۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وادی کشمیر سے جموں کی طرف پہلے مسافر اور بعد میں مال بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی اور ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق چلتی رہی۔