شاہراہ پر ٹرک پلٹنے سے ٹریفک کی روانی متاثر بانہال میں بارشوں کے باوجود ٹریفک بغیر کسی خلل جاری رہا

محمد تسکین

بانہال//پیر کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناچلانہ کے قریب سڑک جے بیچ میں ایک ٹرک کے الٹ جانے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کم از کم ایک گھنٹے تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ وادی کشمیر سے سیبوں سے لدھا ایک ٹرک ناچلانہ کے قریب سڑک پر پلٹ گیا اور شاہراہ پر جاری دونوں طرف کا ٹریفک روک دینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں فورلین شاہراہ تعمیراتی کمپنی کے کرین کی مدد سے ٹرک کو سڑک سے ہٹایا گیا اور درماندہ ہوئے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔اس دوران پیر کی صبح بانہال کے علاقے میں قریب تین گھنٹوں تک موسلادھار بارشیں ہوئیں تاہم بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ بعد میں بارشیں تھم گئیں اور دن بھر دھوپ اور چھائوں کا سلسلہ جاری رہا ۔