شاہراہ پر بھاری پسیاں گر آئیں،7گھنٹے کے بعد ٹریفک بحال

 بانہال//سرینگر جموں شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک مرتبہ پھر رام بن کے قریب پسیاںگر آنے کے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گئی اور شاہراہ پر 7گھنٹے تک گاڑیاں درماندہ ہو گئیں ۔پسی اپنے ساتھ بھاری ملبہ اور پتھر لیکر آئی جس کی وجہ سے فورلین شاہراہ کا ایک ٹیوب مکمل طور پر ملبے کے نیچے دب گیا جبکہ پرانی شاہراہ سے ملبہ ہٹا کر اسے یکطرفہ طور ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح قریب آٹھ بجے رام بن کے سیری علاقے میں پہلے پتھر گرنا شروع ہوئے اور بعد میں صبح دس بجے تک یکے بعد دیگرے بھاری ملبہ ساتھ لیکر کئی پسیاں شاہراہ پر گر آئیں اور شاہراہ مکمل طورپر ہر طرح کی نقل وحرکت کیلئے بند ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ سے ملبہ صاف کرنے کے بعد دن کے قریب اڑھائی بجے سیری کے مقام پر شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا  اور متاثرہ مقام کے دونوں طرف صبح سے درماندہ ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالنے کا شروع کیا گیا