سرینگر+بانہال //جموں سرینگر شاہراہ دوسرے روز بھی سہ پہر چار بجے تک پسیاں اور پتھر گرنے کی وجہ سے بند رہی۔تاہم بعد میں شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنایا گیا۔ ادھرمحکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار سنیچر کو موسلا دار بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آج دوپہرسے موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ شاہراہ پر گر آئی پسیوں اور پتھروں کو صاف کرکے شاہراہ کو ہفتے کی سہ پہر چار بجے کھول دیا گیا اور درماندہ 400کے قریب مال بردار ٹرکوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ شاہراہ جمعہ کی علی الصبح کیفٹیریا موڑ رام بن کے مقام پرپتھروں کے گرنے کے مسلسل سلسلے کی وجہ سے بند تھی جبکہ تازہ بارشوں کے بعد سڑک پر پتھروں کے گرنے کا سلسلہ رام بن بانہال سیکٹر کے دوسرے مقامات پر بھی رہا۔ پنتھیال ، رامسو اور رام بن کے کیفٹیریا موڑ علاقے میں شاہراہ کو چار بجے کے قریب کھول دیا گیا۔اور درماندہ ٹرکوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک رام بن اجے آنند نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ درماندہ ٹرکوں کو نکالنے کے بعد ادہمپور سے ضروری سامان سے لدھی گاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی جائے گی اور اتوار کو ضروری چیزوں سے لدھی گاڑیوں اور ایندھن کے ٹینکروں کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی جائے گی۔ادھرپسیاں اور پتھر گر آنے کے نتیجے میں کپوڑہ کے سرحدی علاقوں کی سڑکوں کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا جبکہ زوجیلہ ،پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ ، بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر تازہ برف باری اور بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ شہر سرینگر میں دن بھر رک رک کر بارشیں ہوتی رہیںجبکہ باقی اضلاع میں بھی صورتحال جوں کی توں تھی۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق سرینگر زوجیلہ شاہراہ پانچویں روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔مٹاین،دارس اور زوجیلہ میں تاز ہ برف باری ہوئی جبکہ سونہ مرگ کنگن ، کلن اور گنڈ میں بارشیں ہو ئیں۔محکمہ فلڈ کنٹرول کے مطابق سنیچر کو سنگم کے مقام پر دن کے تین بجے تک پانی کی سطح 8.53فٹ تھی جبکہ پانپور میں 1.67فٹ ، رام منشی باغ میں 10.75فٹ ، عشم میں 7.70میٹر، نالہ ویشو کھڈونی میں 4.89میٹر ، دودھ گنگا نالہ برزلہ میں1,70میٹر، نالہ سندھ ددرہامہ میں 1.10میٹر پانی کی سطح تھی ۔جبکہ محکمہ موسمیات نے وادی میں آج دوپہر سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے محکمہ کے مطابق 23اپریل تک موسم خشک رہ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر سرینگر میں 11.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔