شاہراہ دوسرے روز بھی بند،500تیل ٹینکر اور سینکڑوں مسافر درماندہ

سرینگر //جموں سرینگر شاہراہ منگل کودوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔ٹریفک حکام کے مطابق رام بن علاقے میں تازہ بارشوں کی وجہ سے بھاری پسیاں اور پتھر گر آئیں جس سے شاہراہ کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مارچ سے 3مارچ تک وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں برف باری کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ ٹریفک کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کے بانہال رام سو ، رام بن اور دیگر مقامات پر اس وقت تازہ بارشوں کی وجہ سے ایک بار پھر شاہراہ پسیاں اور پتھر گرنے کے سبب بند ہو گئی اور سینکڑوں مسافر متعدد مقامات پر درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔جبکہ 500مسافروں کو بانہال میں رہنے کیلئے جگہ فراہم کی گئی ہے ۔اسی طرح شاہراہ کے متعدد مقامات پر مال بردار اور مسافر گاڑیاں بھی پچھلے دو روز سے درماندہ ہیں اور اُن گاڑیوں میں پٹرولیم ، رسوئی گیس بھرا ہوا ہے۔ محکمہ خوراک و تقسیم کاری کے ڈائریکٹر قاسم وانی نے بتایا کہ 500ٹینکر جن میں تیل اور رسوئی گیس بھرا ہوا ہے اس وقت رام بن اور رامسو کے مقام پر درماندہ ہیں اور جیسے ہی شاہرہ بحال ہو گی تو وہ وادی پہنچ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وادی کے سٹوروں پر راشن کی کوئی کمی نہیں ہے اور مارچ تک وادی میں وافر مقداد میں آٹا اور چاول موجود ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی میں یکم مارچ کو پھر سے مغربی ہوائیں وادی پر اثر انداز ہوں گی جس کے بعد 3مارچ تک وادی کے بالائی علاقوں میں برف کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔