محمد تسکین
بانہال // جمعہ کے روز صبح دس بجے سے شام دس بجے تک بانہال کے نزدیک روم پڑی کے مقام شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں غیر ریاستی سیاحوں اور دیگر مسافروں کی راحت رسانی کیلئے بانہال والنٹیرس نامی مقامی رضاکار انجمن نے دو ہزار سے زائد مسافروں اور سیاحوں کو پینے کے پانی کی ایک ہزار بوتلیں اور ایک ہزار بسکٹ پیکٹ اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں مفت میں تقسیم کیں۔ بانہال والنٹئیرس کے صدر ادریس احمد وانی نے بتایا کہ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بانہال اور فورلین ٹنل کے درمیان درماندہ مسافروں کو شدت کی گرمی سے راحت دینے کیلئے ان کے رضاکاروں نے پینے کے پانی کی بوتلیں ، بسکٹ اور کیلے وغیرہ رضاکار تنظیم کی طرف سے تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان درماندہ مسافروں اور سیاحوں کیلئے رات کے کھانے کا انتظام بھی کیا جا رہا تھا لیکن شاہراہ کے بحال ہونے کی وجہ سے یہ پروگرام منسوخ کیا گیا۔ اس کے علاوہ فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی سی پی پی پی ایل اور ٹول پلازہ بانہال کی انتظامیہ نے بھی درماندہ مسافروں میں پینے کے پانی اور دیگر کھانے پینے کی چیزیں تقسیم کی ہیں۔