بانہال //جموں سرینگر شاہراہ سنیچر کی شام گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کردی گئی۔اس دوران رام بن کے نزدیک پتھروں کی زد میں آکر ایک پرائیویٹ گاڑی میں سوار ایک شخص کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک زخمی ہوا اور خونی نالہ میں ایک اور گاڑی پتھروں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3افراد زخمی ہوئے۔سنیچر کو تیسرے روز میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور بانہال ، کھڑی ،مہومنگت، رام بن اور گول کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث شاہراہ پر وقفے وقفے سے پتھر بھی گر رہے تھے،جس کی وجہ سے گاڑیاں تقریباً تین گھنٹوں تک بند رہیں۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ سنیچر کی صبح رامسو ، پنتھیال اور کیفٹیریا موڑ پر پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے ٹریفک کو تین گھنٹوں تک بند رکھا گیا۔لیکن صبح دس بجے کے قریب ٹریفک دوبارہ بحال کیا گیا۔ سنیچر کی شام سات بجے رامسو ، پنتھیال ، بیٹری چشمہ اور بلی نالہ ادہمپور کے مقام پر پتھروں اور پسیوں کے گرنے کے تازہ واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے ٹریفک پھر متاثر ہوا ۔تاہم رام بن اور بانہال سیکٹر میں پیدا ہوئی صورتحال کے پیش نظر ایک ایک کر کے گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش ہوتی رہی۔لیکن شام دیر گئے خونی نالہ، پنتھیال ، رامسو، کیفٹریا موڈ رام بن اور بلی نالہ ادہمپور میں پتھروں کے گرنے کا سلسلہ تیز ہوا جس کے باعث شاہراہ بند کردی گئی۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ قریب ایک درجن مقامات پر 1000گاڑیاں درماندہ ہوگئیں ہیں۔ادھر سنیچر کی دوپہر پیش آئے ایک واقعہ میں جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی ایک کریٹا کار زیر نمبر JKO1AA/9863 رام بن کے ماروگ علاقے میں پتھروںکی زد میں آئی، جس کی وجہ سے ایک شخص کی جان گئی۔ اس حادثے میں دوسرا زخمی ہوا ہے جسے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ۔ ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماروگ کے مقام پر پہاڑی سے گرتا پتھر سیدھے ڈرائیور سیٹ کے اوپر جا لگا جس کی وجہ سے گاڑی کو چلارہے وسیم آزاد ولد معراج الدین ساکنہ منور آباد خیام چوک سرینگر کی موت واقع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں مہلوک کا قریبی رشتہ دار منظور آزاد ولد علی محمد ساکن منور آباد سرینگر سر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس اور رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمی کو فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں وسیم آزاد اور زخمی منظور آزاد کو سرینگر روانہ کیا گیا۔ شام کے وقت خونی نالہ کے قریب پتھروں کی زد میں ایک تویرا گاڑی زیر نمبرا JK02AF/0157 آگئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور 20سالہ گلزار احمد ولد غلام محمد ساکن شوپیان شدید زخمی ہوا اور گاڑی میں سوار پٹنہ بہار کے باپ بیٹامزمل شیخ اورسیار شیخ زخمی ہوئے۔ ڈرائیور کی حالت نازک قرار دی جارہی تھی۔
شاہراہ بند، ایک ہزار گاڑیاں درماندہ
