شاہدرہ شریف میں وقف بورڈ کی علماء کانفرنس علماء کی تقاریر سے اسلام کا انسانیت اور امن کا پیغام گونج اٹھا:درخشاں

عظمیٰ یاسمین

تھنہ منڈی // جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے شاہدرہ شریف وقف یونٹ میں علماء کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس کا اہتمام جموں و کشمیر وقف بورڈ نے کیا تھا۔ علاقہ پیر پنجال کے نامور علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوفی فکر کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی حکام نے خطاب کیا۔ سابق ممبر پارلیمنٹ چودھری طالب حسین اور وقف ایڈمنسٹریٹر راجوری عبدالقیوم میر بھی موجود تھے۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کی صوفی روحانی روایات کو نوجوان نسلوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں ہونے والے گفت و شنید سے اسلام کا انسانیت اور امن کا پیغام گونج اٹھا۔ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات کے مطابق جامعیت اور عالمگیر بھائی چارے کو اجاگر کرنا اور لوگوں میں پھیلانا ہے،یہی امن کے ماحول کو مستحکم کرنے کا طریقہ ہے۔۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ہماری عظیم روحانی شخصیات پر لٹریچر کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔