شاہدالاسلام کی اہلیہ کااینفورمنٹ ڈائریکٹوریٹ

سرینگر// حریت رہنما شاہدالاسلام کی اہلیہ نزہت قادری نے الزام لگایاہے کہ اُن کے شوہراگرچہ ایک برس سے زائد عرصے سے جیل کاٹ رہے ہیں ،لیکن پھر بھی ایجنسیاں انہیں ہراساں کررہی ہیں۔انہوں نے عالمی حقوق انسانی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیکر مداخلت کریں۔نزہت قادری نے خبررسان ایجنسی کے این ایس کو بتایا کہ ان کے شوہر کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا اور اس کے باوجود انہیں پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تیرہ ماہ ان کے کنبے کیلئے کافی کٹھن ثابت ہوئے ہیں اور انہیں غیر ضروری طور ہراساں کیا جارہا ہے ۔محترمہ قادری کے مطابق سوموار کو اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکار ان کے گھرپوچھ گچھ کے بہانے میں آدھمکے ۔  انہوں نے کہا کہ وہ اپنی عمررسیدہ ماں اور بیٹوں کے ساتھ رہتی ہیں اور بار بار سراغ رسانوں کے آنے سے وہ خوف زدہ ہیں۔ دریں اثناء حریت(ع) کے چیرمین میرواعظ عمرفاروق نے اپنے ایک ٹویٹ میں شاہدالاسلام کی اہلیہ اور ان کے کنبے کے افراد کو خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی طرف سے ہراساں کئے جانے کی مذمت کی ہے۔