شاکر کے لواحقین سے اظہار یکجہتی

سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی اورپیپلزلیگ نے شاکر احمد میرساکن شوپیان کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ہے۔فریڈم پارٹی وفدنے شاکر کے لواحقین سے تعزیت کی ۔وفد کی قیادت پارٹی کے ضلع پلوامہ کے صدر محمد امین کررہے تھے۔ وفد نے 17سالہ شاکر میر کے گھر والوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ شاکر کا قتل بھارت کی نو آبادےاتی طرز عمل کا تازہ ثبوت ہے۔وفد نے سوگوار کنبے کو یقین دلایا کہ غم و دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم اُن کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی بھاری تعداد کو کشمیر کے اطراف و اکناف میں صرف اسی لئے تعینات کیا گیا ہے تاکہ آزادی پسند عوام کو ایک نہیں تو دوسرے بہانے صفحہ ہستی سے مٹایا جائے۔وفد نے ژے گنڈ نامی گاﺅں میں فورسز کے ہاتھوں درجنوں نہتے شہریوں کے زخمی کئے جانے کی بھی مذمت کی۔دریں اثناءفریڈم پارٹی کا وفد بعد میں روزنامہ کشمیر عظمیٰ کے ایڈیٹر حامدحمید کے گھر بھی گیا جہاں اُس نے اُن کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔پیپلزلیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے شوپیان جھڑپ میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں اور عام شہری شاکر احمدکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خون ضرور رنگ لائے گا ۔اسی دوران پیپلز لیک کے سینئر رہنما عبدالرشید ڈار کی قیادت میں ایک وفد نے شاکر احمد کے گھر جاکر لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔