شام میں فورسز کی فضائی بمباری، درجنوں افراد ہلاک

دمشق//شام میں فورسز نے فضائی بمباری کی جس کے باعث درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شامی فورسز نے شام کے جنوب مغربی حصوں پر عسکریت پسنوں کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس کے باعث متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان گذشتہ برس ستمبر میں جنگ بندی ہوئی تھی تاہم اس کے باوجود فضائی بمباری کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی جنگجوؤں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس کے باعث فضائی بمباری ہوئی اور فریقین میں تصادم کی صورت حال ہے۔ دوسری جانب شامی مہاجرین کا مسئلہ بھی سنگین ہوتا جارہا ہے، جس کے پیش نظر ترک صدر رجب طیب اردوگان نے فیصلہ کیا ہے کہ شام کے شمالی حصے میں محفوظ علاقے قائم کے جائیں گے جہاں مہاجرین کو منتقل کیا جاسکے۔ گذشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوگان کا کہنا تھا کہ یہ محفوظ علاقے اس لیے بنائے جا رہے ہیں تاکہ ترکی میں موجود چار ملین مہاجرین شام واپس جا سکیں۔ خیال رہے کہ امریکا نے دسمبر میں شام سے اپنی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں ترکی نے اپنی سرحد کے ساتھ بیس میل کے فاصلے تک ایسے محفوظ علاقے قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا جس پر اب عملی اقدامات ہونے ہیں۔