شام لعل کا پاک مہاجرین کے مسائل حل کرنے پر زور

جموں //کانگریس سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر شام لعل شرما نے پاک مہاجرین کی طرف سے اپنی مانگوں پرکئے جارہے احتجاج میں شرکت کر کے مظاہرین کی مانگوں کو جلداز جلد پورا کر نے کی مانگ کی ۔ایس او ایس انٹر نیشنل کے بینر تلے مہا جرین کی طرف سے کئے جارہے احتجاج میں شرکت کے دوران بولتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ مہاجرین کی جانب سے کئے جا رہے مطالبات کو جلداز جلد پورا کیا جائے ۔موصوف نے پارٹی کی طرف سے مظاہرین کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی مہاجرین کو انصاف فراہم کروانے کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی ۔کانگریس لیڈر نے مزیدکہاکہ مہاجرین نے مرکزی اور ریاستی حکومت کیخلاف کئی مرتبہ بھوک ہڑتال و احتجاج بھی کیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی کابینہ کی جانب سے 2014میںاین سی اور کا نگریس حکومت کی جانب سے مہاجرین کیلئے پیکیج کو منظوری دی تھی اور اس منظوری کے تحت ہر ایک کنبہ کو 25لاکھ روپے دینے کی سفارشات پیش کی گئی تھی لیکن اس کے بعد آنے والے حکومت نے ان مہاجرین کو درپیش مسائل کی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دی ۔اپنے خطاب میں ایس او ایس انٹر نیشنل کے چیئر مین راجیو چونی نے بھاجپا کی مزکری اور پی ڈی پی و بھاجپا کی سابقہ ریاستی مخلوط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی و ریاستی انتظامیہ نے مہاجرین کے معاملات کو حل کر نے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کانگریس اور نیشنل کا نفرنس کی سابقہ حکومت کے دور میں مہاجرین کی امدا د کیلئے اٹھا ئے گئے اقداما ت پر بعد میں آنے والی حکومت نے پانی پھیر دیا جس کی وجہ سے اس وقت 5300مہاجرین کنبوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔کانگریس لیڈر و مظاہرین نے ریاستی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پاک مہاجرین کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کی جانب توجہ دی جائے تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں ۔