شام سے شروع ہوئی بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی واقع

محمد تسکین
 قصبہ بانہال میں وقفے وقفے کا ٹریفک جام جمعرات کوبھی جاری رہا 

بانہال// جمعرات کے روز دوپہر تک دھوپ نکلی ہوئی تھی تاہم دوپہر بعد مطلع آبر آلود ہوا اور شام ہوتے ہوتے ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام دیر تک جاری تھا۔تازہ بارشوں کے بعد سب ڈویژن بانہال کے علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کی شام سے قریب ایک گھنٹہ پہلے چھ بجے سے شروع ہوئی ہلکی بارشوں اور بجلی کے کڑکنے کا سلسلہ شام تک جاری تھا۔ ان ہلکی بارشوں کی وجہ سے اگرچہ زمینداروں ، فصلوں اور پھلوں کیلئے کو کسی خاص فائدے کی کوئی بات امید نہیں ہے تاہم بارشوں کی وجہ سے ضلع رامبن کے لوگوں کو پچھلے کئی روز سے وقفے وقفے سے جھلسا دینے والی گرمی سے کسی حد تک راحت ملی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک دھوپ اور چھاؤں کے ساتھ ساتھ گرج اور چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اس دوران بانہال اور رامسو کے سیکٹر میں ہلکی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل جاری تھی اور دونوں طرف سے مقررہ وقت کے اندر اندر مسافر ٹریفک کو نکالنے کے بعد مال بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی۔ جمعرات کے دن بھی معمولی کے مطابق رامسو ، چملواس ، قصبہ بانہال اور فورلین ٹنل کے درمیان وقفے وقفے کا ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے ضلع رام بن کے مسافروں ، راہگیروں ، دکانداروں ، سرکاری ملازموں اور سکولی بچوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قصبہ بانہال میں میونسپل کونسل بانہال کے زیر کنٹرول ایک ڈرین کا کام چل رہا ہے اور یہ کام رات کے بجائے دن میں کیا جارہا ہے اور بجری ریت اور ملبہ شاہراہ کے کنارے ہی ڈال کر رکھا گیا جو رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیادوں پر ٹریفک جام کا سبب بنا رہا۔ مقامی لوگ اور مقامی رضاکاروں نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ مزید مہینے دو مہینے تک برلب شاہراہ جاری رہنے والے اس کام کو رات کے اوقات میں کرنے کے احکامات صادر کریں تاکہ بڑے پیمانے پر بانہال کا رخ کرنے والے ہزاروں لوگوں ، راہگیروں ، عام لوگوں اور دکانداروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔