شالیمار اور زکورہ حضرتبل میں معرکہ آرائیاں| مطلوب کمانڈر سمیت 2ملی ٹینٹ جاں بحق

سرینگر //شہر سرینگر کے مضافاتی علاقوں شالیمار اور حضرتبل میں 2مختصر مسلح تصادم آرائیوں کے دوران لشکر کمانڈر اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوا۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا لشکر کمانڈر سلیم پرے 2016سے سرگرم تھا اور علاقے میں کئی شہریوں کے گلے کاٹنے میں ملوث تھا جبکہ اسکا ساتھی غیر ملکی تھا جو بانڈی پورہ میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں بھی ملوث تھا۔

جھڑپیں

پہلا انکوانٹر شالیمار باغ میں سہ پہر 4بجے ہوا جس میں سلیم پرے ساکن پرے محلہ حاجن جاں بحق ہوا جبکہ ایک گھنٹے کے بعد5بجے دوسرا تصادم گاسو بٹہ پورہ حضرتبل میں ہوا جس میں غیر ملکی ملی ٹینٹ مارا گیا۔سلیم پرے عرف’ بلہ بیٹری‘ حاجن میں بیٹری میکنک تھا اور حاجن جنرل بس سٹینڈ میں اسکی دکان تھی۔20شمالی کشمیر میں سب سے دیرینہ ملی ٹینٹ بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق پولیس نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ سرینگر شہر کے مضافات میں واقع شالیمار علاقے میں لگاتار دو الگ الگ کارروائیوں میں حاجن کے انتہائی مطلوب اور خطرناک ملی ٹینٹ سلیم پرے سمیت دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا۔پولیس نے بتایا کہ ہارون/ شالیمار علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں پولیس کے ذریعہ تیار کردہ مخصوص ان پٹ کی بنیاد پر،  پولیس وسی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔ تلاشی کی کارروائی کے دوران، ملی ٹینٹ نے تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی ،اور مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک مختصر فائرنگ کے تبادلے میںایل ای ٹی سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک ملی ٹینٹ سلیم پرے جاں بحق ہوا۔بیان کے مطابق مذکورہ آپریشن کے فوراً بعد، پولیس، سی آر پی ایف نے فوج کے ساتھ مل کر زکورہ پولیس سٹیشن کے تحت گاسو علاقے میں ایک اور آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران، ایک غیر ملکی ملی ٹینٹ پاکستان کے حافظ عرف حمزہ  مارا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق سلیم پرے ایک درجہ ملی ٹینٹ تھا، جو 2016 سے سرگرم تھا اور دہشت گردی کے کئی مقدمات میں قانون کو مطلوب تھا۔ وہ 5مئی2018 کو شاہ گنڈ حاجن میں بشیر احمد ڈار اور اس کے بھائی غلام حسن ڈار کے قتل،16مئی2018 کو پرے محلہ حاجن میں ہلال احمد پرے کے قتل سمیت متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کے علاوہ وہ حاجن کے علاقے میں کئی شہریوں کے گلے کاٹنے میں بھی ملوث تھا۔ وہ دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں بھی ملوث تھا۔مزید برآں، مارے گئے دہشت گرد سلیم پرے نے عام شہریوں کو اغوا کرکے اور مخبروں کے نام پر قتل/تشدد کرکے دہشت کا راج پھیلا رکھا تھا۔ وہ حاجن اور اس کے ملحقہ علاقے میں کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے دہشت گرد گروہوں کو بحال کرنے میں بھی ملوث تھا۔میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر نے کہا کہ پاکستانی دہشت گرد حافظ عرف حمزہ 10دسمبر کو گلشن چوک بانڈی پورہ میں دو پولیس اہلکاروں کی حالیہ ہلاکت سمیت کئی دہشت گردی کے جرائم میں ملوث تھا اور اس دہشت گردی کے جرم کے بعد بانڈی پورہ علاقے میں مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی وجہ سے اسے ہارون منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ حاجن بانڈی پورہ میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کے قتل، بژھ پورہ میں بلال کالونی صورہ کے نادیف حنیف خان نامی شہری کے قتل میں بھی ملوث تھا۔علاوہ ازیں مارے گئے دونوں دہشت گرد حاجن میں پولیس/ایس ایف کی سرچ پارٹی پر حملے میں بھی ملوث تھے جس میں ایک پولیس اہلکار سی ٹی ٹی ظہیر عباس شہید ہو گیا۔دونوں تصادم کے مقامات سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔پولیس نے دونوں مقابلوں سے متعلق قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے بغیر کسی نقصان کے کامیاب آپریشن کرنے پر پولیس اور ایس ایفز کو مبارکباد دی۔

جموں

سرحدی حفاظتی فورس نے جموں کے ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پیر کی صبح ایک در انداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بی ایس ایف نے پیر کی صبح ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بھولی چک پوسٹ کے نزدیک پاکستان کی طرف سے ایک شخص کو تاربندی کی طرف آتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ وارننگ دینے کے باجود بھی مذکورہ شخص آگے بڑھتا گیا اوراس نے در اندازی کرنے کی کوشش کی۔ بعد میں اس پر گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔قابل ذکر ہے کہ بی ایس ایف نے گذشتہ ماہ آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک خاتون در انداز کو ہلاک کیاتھا۔
 
 

 کرن نگر میں سی آر پی ایف  اہلکار کی خود کشی

ارشاد احمد
 
سرینگر// کرن نگر سرینگرمیں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کیمپ کے اندر ایک  اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔پولیس کے مطابق سنٹرل ریزرو پولیس فورسG/49 کیمپ سے منسلک ہیڈ کانسٹیبل سریش کمار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی دی۔ اس موقع پر کیمپ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کیا ہے۔
 
 

بھمبر گلی پونچھ میں دراندازی کی کوشش

فوج نے دھماکہ کرکے ناکام بنا دی

سمت بھارگو+جاوید اقبال 
 
راجوری// پونچھ کے بھمبر گلی سیکٹر میںملی ٹینٹوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی جس کے بعد لائن آف کنٹرول کے آگے واقع پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ فوجی ترجمان کے مطابق یہ واقعہ ہمیر پور میں کے مقام پر رات کے ساڑھے 8بجے پیش آیا جب حدمتارکہ پر فوجی دستوں نے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش کو دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران دراندازوں کو چیلنج کیا گیا اور اس کوشش کو ناکام بنانے کیلئے موقع پر ہی ایک دھماکہ بھی کیا گیا جس کے بعدیہ کوشش ناکام بنادی گئی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے آگے واقع پورے علاقے کو فوج نے گھیرے میں لے لیا ہے اور وہاں تلاشی مہم جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’اس بات کا پورا امکان ہے کہ یہ باڈر ایکشن ٹیم(BAT) کی کوشش ہو سکتی ہے جیسا کہ کپواڑہ میں بھی کوشش کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ ملی ٹینٹ واپس فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم وہ اپنے پیچھے اسلحہ و گولہ بارود چھوڑ گئے۔