شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل | رامسو میں مہمانوں کی گاڑی کو حادثہ، 4ہلاک، 4 زخمی

محمد تسکین
بانہال//اتوار کورامسو میں ہنگنی بدرکوٹ رابطہ سڑک پر ایک سکارپیو گاڑی کے حادثے میں دو خواتین سمیت چار مسافر ہلاک ہوئے جبکہ چار زخمی خواتین کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ یہ گاڑی ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعد واپس آنے کے دوران حادثے کا شکار ہوئی اور ہنگنی ۔ بدرکوٹ رابطہ سڑک سے نیچے لڑھک کر کم از کم ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔یہ رابطہ سڑک، علاقے میں ایک ریلوے ٹنل کی رسائی کیلئے تعمیر کی گئی ہے اور اس سے ہزاروں کی آبادی بھی جڑی ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے کے فوراً بعد شگن نامی گائوں میں شادی کی تقریب ماتم میں بدل گئی اور سینکڑوں لوگ جائے حادثہ کی طرف دوڑ پڑے اور ہلاکتوں کی اطلاعات کے بعد علاقے میں رنج و غم کا ماحول چھا گیا۔ایس ایچ او، رامسو نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ ، پولیس، فوج اور ہمالین کیو ار ٹی کے رضاکاروں نے بچائو کارروائیوں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو گہری کھائی سے نکال کر بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ دو مسافروں نے موقع پر ہی دم توڑا جبکہ ایک نے بانہال ہسپتال میں جبکہ زخمی ڈرائیور نے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال اننت ناگ سے سرینگر لیجاتے ہوئے دم توڑا ۔ انہوں نے کہا کہ چار زخمی خواتین کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں سے ایک خاتون شہناز بیگم کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے اس حادثے میں لقمہ اجل بنے مسافروں کی شناخت ہاجہ بیگم ساکن ناچالانہ ، زاہدہ بیگم ساکن نیل ، عبدالرشید اور ڈرائیور مشتاق احمد ملک ساکنان شگن رامسو کے طور کی گئی ہے۔