شادی کا جھانسہ دے کر قتل کرنے کا معاملہ

کوٹرنکہ //جموں وکشمیر پولیس نے ضلع راجوری کے بدھل علاقہ سے ایک گمشدہ شخص کی لاش برآمد کرتے ہوئے قتل کے الزام میں ایک شخص کر بھی گرفتار کرلیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق چرار شریف ضلع بڈگام کے گمشدہ شخص کے لواحقین نے کچھ دن قبل راجوری پولیس سٹیشن میں ایک رپورٹ درج کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ غلام نبی کھانڈے نامی شخص راجوری اپنے ایک رشتہ دار سے ملنے کیلئے آیا تھا تاہم اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا ہے ۔پولیس نے معاملہ کو سنجید گی کیساتھ لیتے ہوئے ایک معاملہ درج کرکے مذکورہ شخص کی تلاش شروع کر دی ۔ایس ایچ او کی قیادت میں شروع کر دہ مہم کے دوران پولیس نے کچھ رشتہ داروں سے بھی پوچھ تاچھ کی ۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران گمشدہ شخص کے رشتہ داروں میں سے شبیر احمد ڈار نامی ایک شخص کی حرکت مشکوک لگی جس کے بعد پولیس نے گھبر بدھل کے رہائشی شبیر احمد ڈار کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات کا عمل شروع کیا جس کے دوران مذکورہ شخص نے قتل میں ملوث ہونے کا اقرار کرتے ہوئے لاش کی نشاندہی بھی کی ۔ایس ایچ ائو راجوری سمیر جیلانی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر جاکر لاش کو باز یا ب کرلیا ۔پولیس نے تحقیقات میں پایا کہ غلام نبی کھانڈے ولد محمد عبداللہ کھانڈے سکنہ چرار شریف کو شادی کا جھانسہ دے کر راجوری مدعو کیا گیا تھا تاہم مذکورہ شخص نے اپنے ساتھ دو لاکھ روپے بھی لائے تھے جبکہ اس کے قریبی رشتہ دار شبیر احمد ڈار نے ایک سازش کے تحت پیسے ہڑپنے کیلئے مذکورہ شخص کو قتل کر دیا ۔پولیس نے لاش کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا جہاں پر اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جبکہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 120/2020 درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ معاملہ کی مکمل تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ایس پی لیاقت علی کی قیادت میں ایک ٹیم تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اس کیس میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتارکیا جاسکے ۔