شادی سے پہلے وزن کیسے کم کیا جائے؟ مشورے

رابعہ شیخ

چونکہ یہ شادیوں کا موسم ہے تو شادی سے پہلے لی جانے والی سب سے بڑی ٹینشن کا ذکر بھی ضروری ہے۔ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے تو یقیناً آپ سمجھ گئی ہوںگی کہ کس ٹینشن کا ذکر کیا جارہا ہے۔ لہنگا فٹ ہونے کی ٹینشن، آستینوں میں بازو زیادہ بھاری لگنے کی ٹینشن یا پھر میک اَپ میں آنٹی والا لُک آنےکی ٹینشن۔

ایک مکمل اور خوبصورت دلہن کیلئے نہ صرف بہترین لباس، خوبصورت جیولری اور دلکش انداز لازمی تصور کیا جاتا ہے بلکہ ایک آئیڈیل ویٹ (وزن ) بھی ضروری ہے اور اس خواہش کی تکمیل کیلئے شادی سے پہلے ہر دلہن کے سر پر وزن کم کرنے کی دھن سوار ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کو بھی اسی صورتحال کا سامنا ہےتو شادی سے کم ازکم 6سے 8ہفتے پہلے ایکٹو ہوجائیے، کن عوامل کے ذریعے وزن میں کمی کی جاسکتی ہے، یہ ہم آپ کو بتائیں گے۔

باڈی پوسچر : ہر دلہن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنےبناؤ سنگھار کے حوالے سے ایسے بہترین لباس اور میک اَپ لُک کا انتخاب کرے، جو اس کو خوبصورت و پرکشش روپ عطا کرے لیکن اس خوبصورتی سے قبل جو چیز زیادہ اہم ہے وہ آپ کا باڈی پوسچر ہے۔ اگر آپ کا باڈی پوسچر خوبصورت اور متوازن نہیں ہے تو ذیل میں دیے گئے اسٹیپس پر باقاعدگی سے عمل کرکے آپ شادی والے دن لمبی، دبلی اور مزید جاذبِ نظر لگ سکتی ہیں۔

٭آلتی پالتی مار کر بیٹھ جائیں،سر پر کوئی کشن یا کتاب وغیرہ رکھیں اور بالکل سیدھی بیٹھیں، پھر اسی طرح اٹھیں اور دوبارہ بیٹھنے کی کوشش کریں۔ جب آپ کو محسوس ہو کہ اب آپ کتاب یا کشن گرائے بنا آسانی کے ساتھ اٹھ اور بیٹھ رہی ہیں تو پھر چلنے کی کوشش کریں۔ دن میں روزانہ 15سے 20منٹ یہ عمل کریں۔ وقت کے ساتھ بیٹھنے، اُٹھنے اور چلنے کا دورانیہ بڑھائیں۔٭اگر آپ کے بازو موٹے ہیں تو اس کے لئے دونوں ہاتھ اپنے بازوؤں کے سامنے بالکل سیدھے کرلیں، پھر مٹھیاں بند کرکے کلاک وائز اور اینٹی کلاک وائز گھمائیں۔ ہاتھوں کو فل اسٹریچ کریں ۔ آغاز میں یہ عمل10مرتبہ کریں اور پھر ہر دن اس کی تعداد بڑھاتی جائیں۔٭ اگر آپ کی چِن ڈبل ہے اور چہرے پر ایک ناگوار تاثر دیتی ہے تو شادی سے قبل اس سے نجات ضروری ہے۔ اس کیلئے منہ اوپر کی طرف کرکے انگلیوں کی مدد سے چِن کو آہستہ آہستہ تھپتھپائیں۔٭گالوں کو نارمل رکھنے کے لئے پاؤٹ (ہونٹ لٹکانا) بنائیں۔

ورزش سے وزن کم کریں : شادی والے دن دبلا پتلا اور سلم نظر آنے کے لیے ورزش بے حد ضروری ہے ۔ اس سے نہ صرف وزن کم کیا جاسکتا ہے بلکہ فٹنس اور فعالیت بھی برقرار رکھی جاسکتی ہے۔ ساتھ ہی اس جسمانی سرگرمی کے ذریعے جسم میں توانائی کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے۔ شادی سے کم از کم ایک سے دو ماہ پہلے ورزش کرنا شروع کردیں۔ ذیل میں دی گئی ورزش کو آپ کے صرف14منٹ درکار ہوں گے اور ان چند منٹوں کے دوران کی گئی یہ ورزش ایک مہینے میں ہی آپ کے وزن میں خاصی کمی کا باعث بنے گی۔ ہر ورزش کے لیے دو منٹ مختص کریں۔

٭اسکواٹس٭جاگنگ یا سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا٭اسٹڈی چیئر کے ساتھ پریس اَپ اور پریس ڈپ٭جمپنگ جیکس٭پلینکس اور سٹ اَپ

ہر مشق کے دوران 30سیکنڈ کا قفہ ضروری ہے۔ پہلے اور دوسرے ہفتے ایکسرسائز کا دورانیہ 14منٹ جبکہ تیسرے اور چوتھے ہفتے اس کا دورانیہ بڑھاکر دُگنا کردیں جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے کا سیشن تین گنا بڑھا دیں۔ پہلے دوہفتوں میں20منٹ چہل قدمی کریں، تیسرے اور چوتھے ہفتے میں 30منٹ جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے میں اس کا دورانیہ کم ازکم 40منٹ ہوجانا چاہیے۔

ڈائٹ پلان : ایکسرسائز کے علاوہ جو ایک اور چیز اہم ہے، وہ آپ کا ڈائٹ پلان ہے۔ وزن کم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ کھانا پینا چھوڑ دیا جائے اور جسم کو درکار لازمی غذائیت بھی فراہم نہ کی جائے۔ اسی لیے شادی کی ویڈیو یا تصاویر میں دبلی پتلی نظر آنے سے بہتر ہے کہ صحت مند نظر آئیں۔

آپ ڈاکٹر کے مشورے سے بھرپور ڈائٹ کے ساتھ کچھ ایکسرسائز کرسکتی ہیں تاکہ آپ کے چہرے کی دلکشی اور بالوں کی مضبوطی اور گھنے پن میں کسی قسم کی کمی نہ پائے۔ علاوہ ازیں اہنی ڈائٹ میں ان باتوں کا خیال رکھنا چاہیے۔٭کم کھائیں لیکن اپنے ڈائٹ چارٹ میں زیادہ غذائیں شامل کریں٭دن بھر کی غذا میں پھلوں اور سبزیوں کا اضافہ کیجیے۔٭چینی اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کم کردیں۔