شابن باس بانہال پولنگ مرکز میں تعینات پرزائیڈنگ آفیسر کی طبیعت بگڑجانے کے بعد بہتر،ووٹنگ جاری

محمد تسکین وانی
بانہال// حلقہ انتخاب بانہال کے مڈل سکول شابن باس میں قائم پولنگ بوتھ نمبر 48 پر تعینات پریزائیڈنگ آفیسر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تاہم بانہال ہسپتال میں علاج و معالجہ کے بعد ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔
جانکار سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شابن باس بانہال کے بولنگ بوتھ پر تعینات پریزائیڈنگ افسر احمد مجتبیٰ پر اچانک غشی طاری ہونے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی حالت غیر ہوگئی ۔ انہوں نے کہا پولنگ بوتھ/ مڈل سکول شابن باس میں میسر ابتدائی طبی امداد دیکر انہیں بہتر کیا گیا اور بعد میں پولنگ عملہ کے ارکان نے پریزائیڈنگ آفیسر کو فوری طور پر بانہال ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد دیںجا رہی ہے اور وہ بہتر ہیں ۔
بلاک میڈیکل آفیسر بانہال سید محمد اسماعیل نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شابن باس میں تعینات پریزائیڈنگ افیسر کا بلڈ پریشر بہت زیادہ ہوا تھا اور فوری طور پر بانہال ہسپتال پہنچانے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کا علاج و معالجہ شروع کیا اور اب ان کا بلڈ پریشر معمول پر آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افیسر احمد مجتبیٰ ابھی زیر علاج ہیں اور بہتر حالت میں ہیں اور ان کے مزید ٹیسٹ وغیرہ کئے جا رہے ہیں۔الیکشن حکام نے بتایا کہ شابن باس میں معمول کے مطابق پولنگ جاری ہے ۔