سی-295کارگو طیارہ ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے میں شامل

یو این آئی

نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری کو پہلا نیا کارگو طیارہ سی-295 سونپا اس کے ساتھ ہی یہ طیارہ باضابطہ طور پر فضائیہ کے بیڑے میں شامل ہو گیا۔وزیر دفاع نے بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہندن ایئر فورس اسٹیشن میں سی -295 کارگو طیارے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ طیارہ باضابطہ فضائی پٹی کے بغیر نصف تعمیر شدہ رن ویز سے ٹیک آف اور لینڈنگ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اسے ایورو کارگو طیاروں کی جگہ فضائیہ میں شامل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ فضائیہ کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا اور بعد میں ملک میں اس کی تیاری سے دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری میں اضافہ ہوگا۔فضائیہ کا نیا کارگو طیارہ سی-295 اسپین سے گزشتہ بدھ کو گجرات کے وڈودرا ایئر فورس اسٹیشن پہنچاتھا۔ ہندوستان نے ملک میں اس طیارے کی تیاری کے لیے اسپینمیں واقع ایئر بس ڈیفنس اینڈ اسپیس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیاہے ۔ اس کے تحت پہلے فضائیہ کو 16 طیارے مکمل طور پر تیار حالت میں ملیں گے اور بعد میں انہیں ملک میں ہی تیار کیا جائے گا۔ اس طرح یہ پہلا مقامی کارگو طیارہ ہوگا۔وزیر دفاع نے اس موقع پر انڈیا ڈرون شکتی 2023 نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ اس نمائش کا اہتمام فضائیہ اور انڈین ڈرون فیڈریشن نے مشترکہ طور پر کیا ہے ۔ دو روزہ اس نمائش میں ملک بھر سے 75 سے زائد ڈرون اسٹارٹ اپس حصہ لے رہے ہیں۔ حکومت 2030 تک بھارت کو ڈرون کا بڑا مرکز بنانے کی سمت میں مسلسل اقدامات کر رہی ہے ۔