سی بی آئی کا سرینگر آر ٹی او آفس پر چھاپہ ،دستاویزات ضبط

بلال فرقانی
سرینگر//سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) سرینگر کی انسداد بدعنوانی شاخ نے جمعہ کو ریجنل ٹرانسپورٹ آفس سرینگر کے دفتر میں چھاپہ مارا۔سرکاری طور پربتایا گیاکہ یہ چھاپہ آر ٹی او کشمیر کے اہلکاروں کی طرف سے باہر کی ریاست سے آنے والی مختلف قسم کی گاڑیوں کی تازہ رجسٹریشن اور دوبارہ رجسٹریشن میں غلط کاموں کی شکایات کے بعد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کی ٹیموں نے مجرمانہ دستاویزات اور دیگر متعلقہ دستاویزات کو ضبط کر لیا ۔ذرائع نے گزشتہ کئی سالوں سے جاری اس بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی میں ملوث درمیانہ دراروں اور اہلکاروں کے درمیان گٹھ جوڑ کی مزید تصدیق کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں بہت سی گرفتاریاں متوقع ہیں۔چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے، آر ٹی او کشمیر نے کہا کہ سی بی آئی سرینگر نے علی الصبح چھاپہ مارا اور کچھ دستاویزات کو ضبط کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آر ٹی او حکام بھی ان ٹیموں کی مدد کر رہے ہیں۔