سیکورٹی کی صورت حال میں نمایاں بہتری

 فوج کی شمالی کمان خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار:لیفٹنٹ جنرل دویدی

جموں//فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی، نے منگل کو جموں و کشمیر کے ادھم پور میں ایک تقریب میں بہادری اور ممتاز خدمات کے اعزازات پیش کئے۔ دفاعی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ا نتہائی حالات میں مثالی ہمت کا مظاہرہ کرنے والوں کو 92 بہادری کے ایوارڈز اور 25 ممتاز سروس ایوارڈز قوم کی بے لوث خدمات پر پیش کئے گئے۔ترجمان کے مطابق بہادری ایوارڈز میں سے، 19 کو بعد از مرگ ان فوجیوں کے قریبی رشتہ داروں کو دیا گیا جنہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کیں۔مسز سنیتا دویدی، علاقائی صدر، AWWA، شمالی کمان نے مہلوک جوانوں کے رشتہ داروں سے بات چیت کی اور انہیں قربانیوں کے لئے تعریفی نشان پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، آرمی کمانڈر نے شمالی کمان کے تمام رینکوں کی  فوج کی اعلیٰ روایات میں ڈیوٹی کے لئے لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے ان بہادر جوانوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل حالات کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانیاں دیں۔ دفاعی ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے’پوری قوم کے نقطہ نظر‘کو بھی سامنے لایا، جس کی وجہ سے جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سیکورٹی کی صورت حال میں ترقی پذیر بہتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شمالی کمان مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ جنرل دویدی نے جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں، سول انتظامیہ اور میڈیا کا ان کی مسلسل حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا اور خطوں کے لوگوں کے لیے امن اور اطمینان کی خواہش کی۔