سیکورٹی فورسز کی مزید 100کمپنیاں وادی روانہ کرنے کا حکم

نئی دہلی // مرکزی وزارت داخلہ نے وادی میں فوری طور پر سیکورٹی فورسز کی مزید 100 کمپنیاں روانہ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ وادی میں  انٹلی جنس گرڈ مضبوط کرنے اور مجموعی طور پر امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے فورسز کی اضافی 100کمپنیاں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان میں سی آر پی ایف کی 50کمپنیاں،بی ایس ایف کی 10،ایس ایس بی کی 30 اور آئی ٹی بی کی 10کمپنیاں شامل ہیں۔واضح رہے اس سے قبل فورسز کی 100کمپنیاں پارلیمانی انتخابات کے دوران بھی تعینات کی گئی تھیں اور انہیں واپس بھیجنے کے بجائے امرناتھ یاترا ڈیوٹی پر مامور کیا گیا۔سیکورٹی فورسز کی 100اضافی کمپنیاں تعینات کرنے کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔