سیکورٹی صورتحال کیساتھ سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے :ہرش دیو

 جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ جموں شہر کی سیکورٹی صورتحال کیساتھ کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔جموں کے جنرل بس اسٹینڈ پر ہوئے گرینڈ دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مندروں کے شہر میں دہشت گردوں کی آمد تشویش ناک ہے جبکہ سیکورٹی اداروں کو چاہیے کہ وہ اس سلسلہ میں سخت اقدامات اٹھائیں تاکہ اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے ۔انہوں نے سیکورٹی انتظامات میں غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی سیکورٹی یقینی بنایا جائے تاکہ جموں شہر میں عوام کو اس سلسلہ میں کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔موصوف نے کہاکہ سیکورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کی وجہ سے گزشتہ 9ماہ میں تین گرینڈ دھماکے ہوچکے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جارہاہے ۔این پی پی لیڈر نے کہا کہ جموں شہر میں روہنگیا اور بنگلہ دیشی شہریوں کے آمد سے سیکورٹی کا بحران پیدا ہو ا ہے اور ان کی آمد سے ملک مخالف طاقتوں کیلئے بھی جگہ بن چکی ہے جبکہ ریاستی و مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاست میں غیر قانونی طو ر پر رہائش پذیر افراد کو نکالنے کیلئے جلد ازجلد اقدامات اٹھا ئے ۔اسی دوران پارٹی کے زونل صدر نیرج گپتا کی قیادت میں کارکنوں نے گزشتہ روز بس اسٹینڈ میں ہوئے گرینڈ دھماکے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کیلئے میڈیکل کالج ا دورہ کیا ۔نیرج گپتا نے زخمیوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لینے کے دوران حملے کی مذمت کی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان زخمیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلداز جلد صحت یاب ہوسکیں ۔