عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی کی بدھ کو ہونے والی انتخابی ریلی سے قبل یہاں شیر کشمیر پارک کے آس پاس کے علاقے کو کثیر سطحی حفاظتی دائرے میںلیا گیا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں کشمیر میں بی جے پی امیدواروں کے حق میں مودی کی یہ پہلی ریلی ہوگی۔پہلے مرحلے میں انہوں نے تین روز قبل ڈوڈہ میں الیکشن ریلی سے خطاب کیا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس(آئی جی پی)وی کے بردی نے منگل کو کہا، “ہم نے وی وی آئی پی کے دورے کے لیے اس طرح کے پروگراموں کے لیے طے شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق ایک کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے ہیں”۔بردی نے کہا کہ پولیس نے مناسب انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا، “ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ ٹریول ایڈوائزری جاری کریں گے کہ ایونٹ ہموار ہو اور لوگوں کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔”عہدیداروں نے بتایا کہ پی ایم کی ریلی کے مقام کی طرف جانے والی سڑکوں کے ساتھ بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے درجنوں مقامات پر گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ کو تیز کر دیا ہے اور خصوصی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔سیکورٹی فورسز نے علاقے پر تسلط کی مشق کے ایک حصے کے طور پر پنڈال کے گرد گشت بڑھا دیا ہے۔وزیر اعظم کا رواں سال وادی کشمیر کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے 7 مارچ کو بخشی سٹیڈیم میں ایک ریلی سے خطاب کیا اور 21 جون کو ایس کے آئی سی سی میں بین الاقوامی یوگا ڈے میں شرکت کی۔