سیکریٹری سیاحت کی صدارت میں جائزہ میٹنگ

سرینگر//محکمہ سیاحت نے دُرگا پوجا چھٹیوں کے دوران سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے شکارہ سواری، ہائوس بوٹوں میں دستیاب ضیافتوں سے لطف اندوز ہونے ، موسیقی کے پروگرام،واٹر سپورٹس سرگرمیاںکرنے کے علاوہ ستمبر کے آخری ہفتے میں بڑے پیمانے پر ایک کشمیر فیسٹول کا انعقاد کرے گا۔ دُرگا پوجا چھٹیوں کے دوران زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کرنے اورآنے والے موسم خزانہ میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لئے محکمہ سیاحت امسال ستمبر کے آخری ہفتے میں بڑے پیمانے پر ایک کشمیر فیسٹول کا انعقاد کرے گا۔اس سلسلے میں سیکریٹری سیاحت ریگزن سمپفل نے ٹی آر سی میں ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ناظم سیاحت کشمیر تصدق جیلانی اور محکمہ کے دیگر افسران نے حصہ لیا۔میٹنگ کے دوران سیکریٹری سیاحت نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس فیسٹول کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کے لئے تمام انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔ریگزن سمپفل نے کہا کہ جموں وکشمیر قدرتی خوبصورتی اور لینڈ سکیپ سے مالا مال ہے اور ریاست میں اعلیٰ تمدن،آرٹ اور کرافٹ ، اعلیٰ پکوان ،خاص موسیقی کے فنکار موجود ہیںجو ریاست میں آنے والے سیاحوں کے یہاں قیام کے دوران بہتر خاطر تواضع کی سہولیات دستیاب رکھیں گے۔میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ ملک کے معروف ٹریول ایجنٹ اور ٹور آپریٹر ، ایم آئی سی ای آپریٹر ، گالف کوفروغ دینے والے ، فلمی صنعت سے وابستہ اداکار ،بلاگرس،قومی و علاقائی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو اس فیسٹول میں شرکت کرنے کی دعوت دی جائے گی اور انہیں ریاست کے سیاحتی مقامات کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔فیسٹول کے دوران وادی میں سیاحتی کشش والے مقامات کی سیر کرنے ، شکارہ سواری اور ہاوس بوٹوں میں دستیاب ضیافتوں سے لطف اندوز ہونے ، موسیقی کے پروگراموں کا اہتمام،واٹر سپورٹس سرگرمیاں،ہینڈی کرافٹس ، باغبانی و دیگر منسلک مصنوعات کی نمائش ، مقامی ٹور آپریٹروں، ہوٹل مالکان اور ہاوس بوٹ مالکان کے ساتھ نیٹ ورکنگ کااہتمام کیا جائے گا۔ناظم سیاحت کشمیر نے اس موقعہ پر کہا کہ فیسٹول کے انعقاد کے سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایسے فیسٹولوں کے انعقاد کی بدولت وادی کے حالات کے بارے میں بہتر تاثر پیدا کیا جاسکتا ہے۔ایس پی انفورسمنٹ امرجیت سنگھ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت کشمیر مسرت ہاشم ،ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت پبلسٹی ریاض احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر رجسٹریشن وسیم راجا ،ڈپٹی ڈائریکٹر ریکریشن محمد سرفراز بھی میٹنگ میں موجود تھے۔