سیکریٹریٹ میں کام کرنیوالے دربارمو ملازمین

جموں // محکمہ ایسٹیٹس نے جموں سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے رہائش بحال کرنے کا حکم دیا ہے ،جبکہ ان کی تمام الاٹمنٹ بھی بحال کی گئی ہیں۔محکمہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 200سے205 سرکاری رہائشیں کشمیر کے ان سرکاری ملازمین کے حق میں بحال کی جائیں گی جو سول سیکرٹریٹ جموں میں کام کریں گے۔اسی مناسبت سے سابق احکامات میں جزوی ترمیم کرتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری ایسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ نے ایک حکم جاری کیا ہے ۔جنرل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں جزوی ترمیم کر کے جموں میں سرکاری رہائش کی بحالی کو منظوری دی گئی ہے، جو ان تمام سرکاری ملازمین کے حق میںہے ۔قبل ازیں ایسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان ملازمین کو عارضی بنیادوں پر یہ رہائش چھ ماہ کی مدت کیلئے فراہم کی گئی تھی ۔آرڈر میں کچھ شرائط بھی رکھے گے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ قواعد کے تحت مطلوبہ تمام رسمی کارروائیاں ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹس جموںسے ہو گی ۔اس میں کہا گیا ہے کہ الاٹی ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹس جموں کے سامنے ایک حلف نامہ بھی پیش کریں گے جس میں وہ بتائیں گے کہ ان کا اور اُن کے کسی بھی رشتہ دار کا جموں میں کوئی بھی اپنا مکان نہیں ہے ۔ معلوم رہے کہ رہائش کی بحالی کا فیصلہ حکام نے سول سیکرٹریٹ جموں میں افسران اوراہلکاروں کی دستیابی کے پیش نظر لیا ہے۔ معلوم رہے کہ جموں میں سب ہی ملازمین نے نہیں بلکہ کچھ ایک ملازمین نے اپنے کواٹر پہلے ہی خالی کر دیئے تھے ۔