سیکرٹری باغبانی کی کسانوں کے ساتھ ملاقات

جموں//سیکرٹری فلوری کلچر محمد جاوید خان نے کشتواڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے کسانوں کے ساتھ ایک ملاقات کی جو حال ہی میں انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی چیوٹ نئی دلی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس پہنچے ہیں۔اس دورے کے کا انعقاد فلوری کلچر محکمہ نے کیا تھا۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر فلوری کلچر ببیلا رکھوال ، پروجیکٹ ڈائریکٹر باغ باہو سنیل مسری اور کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔کسانوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیکرٹری نے ضلع میں سیلف ہیلپ گروپ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پھول اُگانے کے کافی وسائل موجود ہیں۔سیکرٹری نے مزید کہا کہ مچھیل میں پہلے ہی پھولبانی کے لئے مارکیٹنگ سہولیات قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اس سیکٹر کے فوائد کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہیے۔