گاندربل //سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے زیر اہتمام تولہ مولہ گاندربل میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا جبکہ سوشل فاریسٹری اور سندھ فاریسٹ ڈویڑن گاندربل بھی مہم میں شامل رہے۔ سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے تولہ مولہ کیمپ میں محکمہ لینڈ سکیپ ڈیولپمنٹ، بہ اشتراک محکمہ سوشل فاریسٹری اور سندھ فاریسٹ ڈویڑن شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین نے پودا لگایا اور عصری دور میں شجرکاری مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے متعدد مذہبی صحیفوں کا حوالہ دیا اور آئندہ آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے جموں و کشمیر میں پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا.انہوں نے کہا’’ہر ایک درختوں کی بے لگام کٹائی اور بڑھتی آلودگی سے پریشان ہے،جس نے ہمارے پر سکون ماحول کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے۔انہوں نے طلباء اور فیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ گاندربل میں واقع یونیورسٹی کیمپس میں پودے لگائیں اور اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کریں اور ان سے تاکید کی کہ نئے پودوں کی پرورش کی جائے۔اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر سوشل فاریسٹری کشمیر معراج الدین نے بھی پودا لگاتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے اور جموں و کشمیر کو درپیش ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے شجرکاری ضروری ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور درختوں کے گرنے سے ہونے والے نقصان کو ختم کرنے کے لئے ان کا محکمہ جموں و کشمیرکے طول و عرض میں وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم چلا رہا ہے۔ اس موقع پراسکول آف سائنسز کے سربراہ پروفیسر ایم افضل زرگر نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلباء اور فیکلٹی ممبران کو شجر کاری مہم کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ اسٹوڈنٹس ویلفیئر سربراہ پروفیسر فاروق شاہ،ظہور احمد نجار،ڈاکٹر محمد لطیف، سوشل فاریسٹری،سندھ فاریسٹ ڈویڑن گاندربل کے اعلیٰ حکام ،فیکلٹی ممبران اور طلباء نے بھی پودے لگاکر شجر کاری مہم میں شرکت کی۔