جموں// مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کا علاقہ اس ماہ کی 20 تاریخ سے 84 ویں سینئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ کی میز بانی کیلئے تیار ہے ۔ اس ایونٹ کا انعقاد جے اینڈ کے ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن نے جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کے ساتھ قریبی تال میل میں کیا ہے ۔ایک مختصر پریس بریفنگ یہاں منعقد ہوئی جس کی صدارت سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ( وائی ایس ایس ) سرمد حفیظ نے کی ۔ ان کے ساتھ جے اینڈ کے ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر سنجے واہی اور ایونٹ کے مسابقتی منیجر این گنیش بھی موجود تھے ۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ ملک کے سپورٹس کلینڈر کے ایک اور بڑے ایونٹ کی میز بانی کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سرینگر میں ویٹرن ماسٹرز نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ کے کامیاب انعقاد نے جموں و کشمیر کے ملک میں کھیلوں کے سب سے زیادہ مطلوب مقامات میں سے ایک ہونے اور 84 ویں سینئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپین شپ کی الاٹمنٹ کے دعوے کو تقویت بخشی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تقریباً 25 سال کے وقفے کے بعد سینئر نیشنل ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کی میز بانی کر رہا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز خاص طور پر جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل اور جے اینڈ کے ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن اس کو ممکن بنانے کیلئے تعریف کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ ایک سال میں جموں و کشمیر نے 22 ٹورنامنٹس کی میز بانی کی ہے ۔سرمد حفیظ نے مزید کہا کہ بہت سے سابق اور بین الاقوامی ستارے اور ارجن ایوارڈ یافتہ جیسے مونا لیسا مہتا ، ایس رمن اور کملیش مہتا اس تقریب کا مشاہدہ کرنے جا رہے ہیں اور یہ اپنے آپ میں ہمارے ٹیبل ٹینس اسٹارز کیلئے ایک سب سے بڑا محرک اور الہام ہونا چاہئیے جو اپنے پروٹیشنل کا احساس کرنے کیلئے انتظار کر رہے ہیں ۔ یہ ایونٹ آٹھ دنوں تک جاری رہے گا جس میں 34 ریاستوں ، مرکز کے زیر انتظام علاقوں ، اسپورٹس بورڈز اور اداروں کے 750 سے زیادہ کھلاڑی اور اہلکار حصہ لے رہے ہیں ۔