سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کا جائیزہ , موثر اقدامات پر فاروق شاہ کا زور

سرینگر// آبپاشی وفلڈ کنٹرول محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے ایک میٹنگ کے دوران فلڈ منجمنٹ پروجیکٹ کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت جاری سیلاب سے بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے وادی میں حالیہ دنوں کی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا بھی جائیزہ لیا۔سیکرٹری موصوف کو بتایا گیا کہ مسلسل بارشوں سے پیدا ہوئی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ نے وادی میں قائم فلڈ زونل کمیٹیوں کو12.60 لاکھ ریت کے تھیلے فراہم کئے ہیں۔سیلاب سے بچاؤ کیلئے تیار کئے گئے میکانزم کی موثر عمل آوری پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری نے ریت سے بھرے مزید تھیلوں کا سٹاک دستیاب رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر کڑی نگاہ رکھنے پر بھی زور دیا۔سیکرٹری نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں کو وقتاً فوقتاً موسمی صورتحال کے بارے میں میڈیا کے ذریعے جانکاری دیتے رہیں۔میٹنگ میں فلڈ منیجمنٹ کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فارو ق احمد شاہ نے دریاؤں کے کناروں پر کھڑی کی گئی تجاوزات کو فوری طور ہٹانے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں چیف انجنیئروں کے علاوہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔