سیاچن میں کرنل کی خود کشی

 سرینگر// سیاچن گلیشیئر میں جمعہ کے روز ایک سینئر فوجی افسر نے مبینہ طور اپنے محافظ کی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کردی۔ سیاچن گلیشیئر کو بلند ترین میدان جنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ سیاچن گلیشیئر پر نوبرا سب ڈویژن کے پرتاب پور علاقے کے نزدیک ایک کرنل رینک کے افسر نے اپنے ہی ایک محافظ کی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔مہلوک فوجی افسر کی شناخت 6 ایم اے ایچ اے آر سے وابستہ روہت سنگھ سولانکی کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد افسر کو نازک حالت میں نزدیکی فوجی ہسپتال پہنچایا جہاں ان کو مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ مذکورہ افسرنے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔سابق مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے ماہ فروری میں راج سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔