سیاسی قیدیوں کو عیدپر رہا کیا جائے:حکیم یاسین

سرینگر//عید الفطر کے موقعہ پر سیاسی قیدیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیادپررہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے کووِڈ- 19کی عالمگیر وباء کو قابو کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے لاک ڈائون کرنے کے اعلان کو درست قراردیا ہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ عیدالفطر کے موقعہ پر سیاسی قیدیوں کو رہا کرنااعتمادسازی کی فضابحال کرنے کی طرف ایک قدم ہوگااور یہ سیاسی قیدی بھی عید کی خوشیاں اپنے کنبے کے ساتھ مناسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اس کا حل متعلقین کے مابین گفت و شنیداورافہام وتفہیم کے ذریعے ہی نکالاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس مسئلہ کے پائیدار حل تک مرکزی حکومت اور لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ کوغیرجانبداری کے ساتھ عوام کے مسائل کوحل کرنے اور آئین کے تحت ان کو حاصل حقوق فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرنا چاہیے۔حکیم یاسین نے کووِڈ بیماری کو قابو کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے اعلان کئے گئے لاک ڈائون کو درست قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسپتالوں میں کووِڈ ٹیکہ سمیت تمام ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔