سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے سیاحتی ڈھانچہ مستحکم کرنے پر زور

سرینگر// قانون ساز کونسل کی ڈی آر ایس سی نے آج سیکرٹری سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ جے کے ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی آسامی کو فوری طور پُر کریں تا کہ اس اہم آرگنائیزیشن کی کارکردگی متاثر نہ ہو ۔ ڈی آر ایس سی کے چئیر مین نریش کمار گپتا کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں محکمہ سیاحت کی کارکردگی کا جائیزہ لیا گیا ۔ ڈی آر ایس سی نے محکمے کو مزید فعال بنانے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کرنے کیلئے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے پر زور دیا ارکانِ قانون سازیہ سجاد احمد کچلو ، محمد مظفر پرے ، غلام نبی مونگا ، فردوس احمد ٹاک ، شوکت حسین گنائی اور شام لال بھگت نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ سیکرٹری سیاحت ، وائس چئیر مین ایل اے ڈبلیو ڈی اے ، ناظمِ سیاحت جموں اور ایم ڈی جے کے ایس سی سی ایل نے سیاحتی مقامات کو فراہم کی گئی بجٹ اور ریاست کی طرف سے منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کے بارے میں کمیٹی کو روشناس کیا ۔ قانون ساز کونسل کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ ، قانون ساز کونسل کے سپیشل سیکرٹری محمد اشرف وانی اور کونسل سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔