جموں// محکمہ سیاحت کے کمشنر سیکرٹری ریگزن سمفل نے ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں سے جڑے افراد اور انجمنوں کو راحت فراہم کرنے کے لئے محکمہ کی ویب پورٹل کو متعارف کیا۔اس ویب پورٹل سے ہوٹلوں ، ٹریول ایجنسیوں اور دیگر متعلقہ افراد کو رجسٹریشن یا اس کی تجدید کے لئے آن لائن سہولیات دستیاب رہیں گی جبکہ ریاست آنے والے سیاح بھی اس سے استفادہ کرسکیں گے۔ویب پورٹل کو جموں وکشمیر رجسٹریشن آف ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ 1978 کی رو سے قائم کیا گیا ہے ۔ ویب پورٹل www.tourismjk.inکو سیکاپ نے تیار کیا ہے۔محکمہ سیاحت کی اس ویب پورٹل سے متعلقین کو تمام سہولیات دستیاب رہیں گی اور اس ویب پورٹل پر مختلف معلومات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ توقع ہے کہ اس ویب پورٹل کی مدد سے مختلف سرگرمیوں میں لگنے والے وقت کی بھی کافی بچت ہوگی۔آن لائن رجسٹریشن سے جہاں خدمات کے معیار میں بہتری آنے کی امید ہے وہیں اس پر آنے والے خرچے میں بھی کمی آئے گی۔ویب سائٹ کی مدد سے خدمات کی فراہمی میں کافی بہتری آنے کی اُمید ہے ۔اس ویب سائٹ پر درخواست جمع کرانے اور حتمی منظور حاصل کرنے کی سہولیات بھی دستیاب رہیں گی۔ ویب سائٹ سے استفادہ کرنے والے افراد اپنے ڈیٹا میں ضروری تبدیلی بھی کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ کاروبار میں آسانی کے اہداف بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔سیاحتی سرگرمیوں کے لئے اپنے تجارتی یونٹوں کی رجسٹریشن کرنے والے خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ویب پورٹل کا استعمال کریں۔تاہم ویب پورٹل کو متعارف کرنے سے پہلے جن افراد نے رجسٹریشن یا تجدید کے لئے درخواست دی ہیں ان پر حسب سابقہ کارروائی کی جائے گی۔
سیاحت محکمہ کی ویب پورٹل متعارف
