سیاحتی شعبہ اوّلین ترجیحات میں شامل

 جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ حکومت جموں وکشمیر میں سیاحت کی بحالی کے لئے سٹینڈاڈ اُوپریٹنگ پروسیجرس مرتب کر رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر رِیاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے اِختیار کئے گئے ایس او پیز کا جموںوکشمیر یوٹی کے لئے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے سے قبل ، اُن کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔اُنہوں نے اِس کا اِظہار  فیڈریشن آف اِنڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف آئی سی سی آئی ) کی جانب سے جموںوکشمیر میں سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے موضوع پر منعقدہ ویب نار کے دوران کیا۔ویب نار میں چیئرپرسن ایف آئی سی سی آئی ، سیاحتی کمیٹی اور سی ایم ڈی ۔ دی للت سوری ہسپٹیلٹی گروپ ، ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ساوتھ ایشیا کارلسن ریذڈورہوٹل گروپ ، سیکرٹری جنرل ایف آئی سی سی آئی نے شرکت کی جبکہ اِجلاس کی میزبانی کے فرائض چیئرمین ایف آئی سی سی آئی ٹریول ٹیکنالوجی کمیٹی نے انجام دئے۔مشیر موصوف نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوںکو فوری طور شروع نہیں کیا جاسکتا اور تمام متعلقین کے ساتھ صلاح و مشورے سے اور سٹینڈاڈ اوپریٹنگ پروسیجرس مرتب کر کے اِس ضمن میں کوئی قدم اُٹھایا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اِس صورتحال کا بغور جائزہ لے کر سیاحتی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کی جائیں گی۔اُنہوں نے کہا کہ سیاحتی صنعت کو کافی نقصان پہنچا ہے جس سے مقامی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اِس شعبے کی بحالی اور نئی جہت دینا لازمی ہے ۔ اُنہوں نے اِس ضمن میں تمام متعلقین سے آرأ طلب کیں تاکہ اس شعبے کو منظم طور بحال کیا جاسکے ۔مشیرموصوف نے متعلقہ حکام کو جموں وکشمیر کی سیاحت کے لئے سیاحوں کو راغب کرنے کی غرض سے جدیدٹیکنالوجی کو بروئے کار لا نے کے لئے کہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں سیاحت کو موسم گرما میں ہی ختم نہیں ہوتی ہے بلکہ سرما اور خزاں کے دوران بھی یہاں سیاحتی سرگرمیوں کی کافی گنجائش موجود ہے ،جس کے لئے ہمیں تیاری کرنی چاہیئے۔اُنہوں نے مختلف نجی متعلقین جو حکومت جموںوکشمیر کے ساتھ اِس ضمن میں کام کرنے کے لئے تیار ہے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مزید سیاحتی منازل کو جموںوکشمیر سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے کوششیں جاری ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس ضمن میں حکومت نے پہلے جموںوکشمیر کے مختلف اَضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو مزید سیاحتی منازل کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا ہے ۔دوران وَیب نار مختلف متعلقین نے جموںوکشمیر میں سیاحتی شعبے کی بحالی کی خاطر نقشِ راہ مرتب کرنے کے لئے اپنی آراء پیش کیں۔کمشنر سیکرٹری سیاحت و ثقافت نے اِس موقعہ پر متعلقین کو یقین دِلایا کہ حکومت اِن کی مفادات کی حفاظت کے لئے تیار ہے اور اِس سلسلے میں اِقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبہ جموںوکشمیر کی معیشت کے لئے کافی اہم ہے اوریہ شعبہ حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور اِس شعبہ کو تمام متعلقین کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بتدریج کھولا جائے گا۔