سہ ماہی دبستان ہمالہ ‘کاتازہ شمارہ جولائی تاستمبر2021منظر عام پر

پونچھ// سہ ماہی’دبستانہ ہمالہ ‘ کا پہلے اور دوسرے شمارے کے بعد اب تیسرا شمارہ بھی منظر عام پر آچکا ہے جس کی رسم رونمائی ڈگری کالج پونچھ میں شعبہ جغرافیہ کے ہیڈ پروفیسرخادم حسین، اور شعبہ اردو کے ہیڈ پروفیسرمحمدلطیف نے انجام دی ۔اس موقعہ پرپونچھ کی معروف شخصیات کے علاوہ دبستان ہمالہ کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ اس دوران کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے پروفیسر صاحبان اور دیگرمعززین نے ہماین ایجوکیشن مشن راجوی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بانی ادارہ اور ’دبستان ہمالہ‘  کے ایڈیٹر ان چیف فاروق مضطرؔ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کو مبارک باد پیش کی۔انھوں نے کہا کہ دبستان ہمالہ اب جموں کشمیر کا ترجمان بن چکا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جریدہ نہ صرف خطہ پیر پنچال بلکہ جموں کشمیر کے ادبی، ثقافتی، تمندنی اثاثے کی آبیاری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پروفیسر خادم حسین  نے کہا کہ اس جریدہ کا سرسری مطالعہ کرنے سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اس میں جدید ہندوستان کے عظیم تر معمار انیسوین صدی کے ہندوستان میں علمی ، تہذیبی اور سماجی شخصیت راجہ رام موہن رائے اور خطہ پیر پنچال کے پونچھ شہر کی فضائوں میں پل کر جوان ہونے والے اور علم و ادب اور صحافت کے حوالے سے اپنے عہد کے ایک عظیم نام چراغ حسن حسرت جیسی تاریخی شخصیات کے علاوہ بہت سے اہم مضامین ہیں جن کا مطالعہ سبھی کو کرنا چاہئے۔