مظفرآباد// متحدہ جہاد کونسل کے جنرل سیکریٹری اورتحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے ترال میں ایک سکھ نوجوان کے قتل کو بھارتی ایجنسیوں اور ان کے ایجنٹوں کی کارستانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی تحریک آزادی کے خلاف سازشیں ہمیشہ کی طرح ناکام ہو ں گی۔اپنے ایک بیان میں جمیل الرحمان نے کہا کہ ماضی میں بھی بھارت اپنے ان نامعلوم قاتلوں کو میدان میں اتار کر کشمیری معاشرہ کو تقسیم کرنے اور خانہ جنگی کی لا تعداد کوششیں کر چکا ہے مگر بھارت تحریک آزادی کو کچلنے میں بالآخر ناکام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کے قتل عام کے قاتل 19سال بعد بھی نہ صرف آزاد ہیں بلکہ ان پر اس قتل کے بعد ترقی اور بہادری کے میڈل سجائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادروں یا غیر جانبدار اداروں سے کشمیریوں کے قتل عام کی شفاف تحقیقات کرائی گئی تو سچ سامنے آجائے گا۔