سرینگر // ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اعلان شدہ تاریخ پر سکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز لاگو کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈاکٹر راتھر نے کہا ’’ محکمہ صحت نے گھر سے سکول پہنچنے تک ایس او پیز وضع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ بچوں کو سکول لیجانے والی گاڑیوں کیلئے بھی ایس او پیز وضع کئے گئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ بس میں چڑھنے سے قبل ہی گاڑی کا کنڈیکٹر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بچے نے صحیح طریقے سے ماسک پہنا ہے یا نہیں‘‘۔ انہوںکہا کہ اگر کسی طالب علم میں ابتدائی علامات پائی جاتی ہیں تو اس بچے کو واپس گھر بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سماجی دوری برتنے کی ہدایات پہلے سے ہی دی گئی ہیں ۔ مشتاق راتھر نے کہا ’’ اگر کسی جماعت میں 80بچے ہیں تو صرف 40بچے ہی بیٹھ سکیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ سکولوں میں صفائی کے علاوہ سینٹائزروں کا استعمال جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بلاترتیب ٹیسٹنگ کی جائے گی اور اگر کسی سکول میں کوئی بچہ مثبت پایا جاتا ہے تو اس بچے کو علیحدہ رکھا جائے گا۔
سکول کھولنے پر بچوں کیلئے ایس او پیز وضع کئے گئے:ڈائریکٹر ہیلتھ
