سکول کادرجہ بڑھانے کی مانگ پر پٹھانہ تیر میں احتجاج جاری

 
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ پٹھانہ تیر کے لوگوں نے اپنے احتجاج کو جاری رکھتے ہوئے سوموار کو بھی دھرنادیااوراس دوران سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مانگ کی کہ پٹھانہ تیر ہائی سکول کو فوری طور ہائر سکنڈری سکول کا درجہ دیا جائے۔اس دوران احتجاج کو دیکھتے ہوئے نیشنل کانفرنس قیادت نے ایک ٹیم تشکیل دی جو پانچ دن کے اندر ر پورٹ کرے گی کہ کس علاقے کا سکول کیلئے حق بنتاہے جس کے بعد حکومت سے معاملہ اٹھایاجائے گا۔اس دوران پی ڈی پی سینئر لیڈر ایڈووکیٹ محمد معروف خان بھی پٹھانہ تیر پہنچے اورانہوں نے لوگوں سے بات چیت کرکے انہیں یقین دلایا کہ انہوںنے اس حوالے سے وزیر تعلیم سے بات کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پٹھانہ تیر کے ساتھ انصاف کیاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پٹھانہ تیر ایک پہاڑی پر واقع ہے جس کے اردگرد ہزاروں کی تعداد میں لوگ آباد ہیںجن کے بچے دور دراز کے سکولوں میں نہیں جا سکتے ۔انہوںنے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ اپنا احتجاج ختم کریں اور ان کی ہر ممکن کوشش رہے گی کہ سکول کا درجہ بڑھایاجائے اوراگر ایسا نہ ہواتو وہ بھی ان کے ساتھ دھرنے پر بیٹھ جائیںگے۔مقامی لوگوںنے کہاکہ اس سلسلے میں حکومت سے واضح طور پر بات کی جائے اور اسکول کا درجہ بہر صورت بڑھناچاہئے ۔